پاکستان پاکستان24

’قومی جذبے سے بل کی منظوری کا شکریہ‘

جنوری 3, 2020

’قومی جذبے سے بل کی منظوری کا شکریہ‘

پاکستان میں پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی نے ملک کی فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی سے بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے تمام جماعتوں کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ”کل اسی جذبے کے ساتھ اس نیشنل سکیورٹی کے مسئلے پر قانون کو پارلیمنٹ سے بھی منظور کر لیا جائے گا۔“

اس سے قبل حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے طریقہ کار اور جلد بازی پر سوال اٹھائے ہیں۔

جمعے کو وزیر دفاع پرویز خٹک نے پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس ترمیمی ایکٹ 2020 اور بحریہ ترمیمی ایکٹ 2020 بھی پیش کیے جس کے بعد تینوں بلوں کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیج دیا گیا اور اجلاس سنیچر کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس کے 13 نکاتی ایجنڈے میں آرمی ترمیمی ایکٹ شامل نہیں تھا تاہم ایکٹ کو سپلیمنٹری ایجنڈے کے طور پر پیش کیا گیا۔

وزیرمملکت علی محمد خان کی وقفہ سوالات معطل کرنےکے لیے رولز معطلی کی تحریک منظور کی گئی جس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 پیش کیا۔

اجلاس کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرمی ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے ہم پھر سے وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت کی تھیں۔ ن لیگ نے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیاجیسے ن لیگ اور پی ٹی آئی اس بل کو پاس کرنا چاہتے ہیں، یہ پارلیمانی طریقہ کار کو ایک طرف رکھنا چاہتے ہیں۔

اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے اعلان کیا کہ وہ حکومت کی غیرمشروط حمایت کرے گے، ن لیگ نے حکومت کی حمایت پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں جیسے ن لیگ اور پی ٹی آئی اس بل کو پاس کرنا چاہتے ہیں، یہ پارلیمانی طریقہ کار کو ایک طرف رکھنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ”میرے قومی اسمبلی میں 50 ووٹ ہیں، میں نہ ایک فل اسٹاپ اور نہ ہی کوما پر اثرانداز ہو سکتا ہوں۔“

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے