پاکستان میں 50 چینی جعلی شادی پر گرفتار
پاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا (سینیٹ) کو ملک میں چین کے شہریوں کی جعلی شادیوں اور مقدمات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
جمعے کو وزارت داخلہ نے سینیٹ کو ایک تحریری جواب میں بتایا کہ ملک میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مختلف دفاتر نے چینی باشندوں کی جعلی شادیوں کے پانچ مقدمات رجسٹر کیے ہیں۔
وزارت داخلہ کے جواب کے مطابق جن تین پاکستانی خواتین کو چین میں شادی کے بعد واپس پاکستان لایا گیا ہے ان میں فیصل آباد کی نتاشہ مسیح، گوجرانولہ کی مہد لیاقت اور مقدس شامل ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سال پاکستانی خواتین سے جنسی زیادتی اور اعضا کی فروخت کے لیے زبردستی شادیوں کے الزام میں 50 چینی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے کسی ایک کے خلاف بھی تاحال مقدمے کا فیصلہ نہیں آ سکا۔
وزارت داخلہ کے مطابق مقدمات ٹرائل کے مرحلے میں ہیں اور ملزمان کو جیل میں رکھا گیا ہے۔

