ٹوئٹر لڑائی: ثنا بچہ بمقابلہ جنرل غفور
پاکستان میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سےخاتون ٹی وی اینکر ثنا بچہ کو ذاتی نوعیت کا جواب دیا گیا جس کے بعد دونوں کے درمیان تکرار جاری ہے۔
ثنا بچہ نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’ دوپٹوں کی رنگائی کے ساتھ ساتھ پیکو کا کام بھی تسلی بخش کیا جاتا ہے: آئی ایس پی ار۔‘
اس ٹویٹ کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے ان کو لکھا کہ ’یہ کام آپ نے خود سے کیا ہوگا، آئی ایس پی آر کے لیے جو کام آپ نے کیا اس کو تنخواہ آپ کو دے دی گئی تھی۔‘
ثنا بچہ نے اس پر فوج کے ترجمان کو جواب دیا کہ ’سر، کیوں بلا وجہ کے پنگے لیتے ہیں۔ اب میں نے کوئی جواب دیا تو پھر کرنل شفیق کا منت بھرا فون آ جائے گا کہ پلیز میم ڈیلیٹ کر دیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ ملک کی باوقار افواج کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وقار دکھائیں۔‘
واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور اور اینکر ثنا بچہ میں پہلے بھی اس طرح کی تکرار ٹوئٹر پر ہو چکی ہے۔
حالیہ تکرار کا پس منظر یہ ہے کہ سنیچر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کا سیکشن ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس بیان کا مذاق اڑایا گیا۔
سینکڑوں صارفین نے جعلی ٹویٹس بنا کر دیگر کئی معاملات کے اعلان آئی ایس پی آر سے منسوب کیے۔ ثنا بچہ کی پیکو اور کڑھائی والی ٹویٹ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔

