کھیل

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں فتح سمیٹ لی

جنوری 24, 2020 2 min

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں فتح سمیٹ لی

Reading Time: 2 minutes

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی 20 میچ میں شعیب ملک کی بہترین بلے بازی کی بدولت پانچ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 141رنز بنائے۔

پاکستانی سرزمین پر بنگلہ دیش اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں 12 برس بعد لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں۔

142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور میں بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا۔  پاکستانی کپتان شفیع الاسلام کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ محمد حفیط 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا شکار بنے۔

شعیب ملک اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے احسان علی نے تیسری وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کر کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب جاری رکھا لیکن احسن علی 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد امین الاسلام کا شکار بن گئے۔

افتخار احمد اور شعیب ملک نے سکور 117 تک پہنچایا جس کے بعد افتخار احمد بھی پویلین لوٹ گئے لیکن دوسرے اینڈ سے شعیب ملک ڈٹے رہے۔ عماد وسیم صرف چھ جبکہ افتخار احمد 16 رنز بنا سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے دو جبکہ مستفیض الرحمان، امین الاسلام اور سومیا سرکار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث روف اور شاداب خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے جبکہ بنگلہ دیش کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

قبل ازیں بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر تمیم اقبال اور محمد نعیم نے 71 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم مڈل آرڈر بیٹسمن تیزی سے رنز نہیں بنا سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ 

تمیم اقبال نے 39 جبکہ محمد نعیم نے 43 رنز سکور کیے۔ بنگلہ دیش کے کپتان محموداللہ نے 19 رنز بنائے، لٹن ڈاس 12، عفیف حسین 9، سومیا سرکار 7 جبکہ محمد متھن 5 رنز بنا سکے۔ 

اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم نے 2008 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 20 اپریل 2008 کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی20 میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں شعیب ملک کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 102 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم اور کپتان کے لیے حالیہ سیریز میں فتح اس لیے بھی اہم ہے کہ رواں برس آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈ کپ بھی کھیلا جائے گا۔
Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے