امریکی کمانڈر دہشت گردوں کے خاتمے میں کردار ادا کریں
Reading Time: < 1 minuteپاکستانی فوج کے سربراہ جنرل باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں شدت پسندی کارروائیوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوتی ہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن سے پاکستان میں ہونے والی شدت پسندی کی حالیہ کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آرمی چیف نے امریکی کمانڈر سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو تعاون اور مالی معاونت کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق آرمی چیف نے امریکی کمانڈر جنرل نکلسن کو افغان حکام کو فراہم کی گئی شدت پسندوں سے متعلق فہرست سے بھی آگاہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے مطابق پاکستان میں ہونے والی شدت پسندی کے حالیہ واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیموں کی قیادت بھی افغانستان میں ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کرکے ہماری سرحد پار کارروائی نہ کرنے کی پالیسی کا امتحان نہ لیا جائے۔ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہونے کو روکا جائے۔