خلیل الرحمان قمر کے خلاف ہرجانے کا دعوی
لاہور کی سیشن کورٹ میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کیا گیا ہے۔
بدھ کو نجی ٹی وی سے منسلک صحافی فرخ شہباز وڑائچ نے خلیل الرحمان قمر کے خلاف پانچ کروڑ روپے ہرجانہ کا دعویٰ دائر کیا۔
فرخ شہباز نے اپنے دعوے میں عدالت کو بتایا ہے کہ انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان قمر سے مناسب سوال کیا تو وہ آپے سے باہر ہو گئےاور سوال کا جواب دینے کی بجائے کیمرہ کے سامنے مجھے گالی دینا شروع کردی۔
درخواست گزار صحافی کے مطابق خلیل الرحمان قمر نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع کی جس کے بعد ان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنا شروع ہوئیں۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمان قمر کی غیر مناسب زبان اور دھمکیوں کی وجہ سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے اس لیے عدالت خلیل الرحمان قمر کو 5 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

