اسلام آباد میں دو مریضوں کی حالت تشویشناک
پاکستان میں اسلام آباد کے بڑے ہسپتال انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائسنز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انصر محمود نے کہا ہے کہ کورونا کے دو مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
منگل کو پریس بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ آئیسولیشن میں 10 بیڈز مختص کئے گئے تھے۔ ہسپتال میں 12 سو سے زائد مشتبہ کیسز آئے جن میں سے 270 افراد کے نمونے لیے۔
انصر محمود نے بتایا کہ 20 مریضوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ آئیسولیسن میں اس وقت نو مریض زیر علاج ییں۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 20 بیڈز پر مشتمل نیا وارڈ بنا رہے ہیں۔ اگلے پندرہ دن میں مزید وارڈ میں اضافہ کریں گے۔
پمز کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ پوری کوشش کریں گے کہ کسی بھی قسم کی کمی کا سامنا نہ ہو۔ تمام معاملات این ڈی ایم اے دیکھ رہا ہے۔
”نرسز اور ڈاکٹر کو سہولت دینے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ میڈیکل عملے کا بچائو ہماری پہلی ترجیح ہے۔ امید ہے آنے والے دنوں میں ہمارے پاس کسی چیز کی کمی نہیں ہوگی۔“
ان کا کہنا تھا کہ پمز کی او پی ڈی میں دس ہزار مریض آتے ہیں۔ او پی ڈی کا لوڈ کافی کم ہوا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کی ھدایات پر او پی ڈی کو بند کیا گیا ہے۔ پمز کے تمام شعبوں کی او پی ڈیز بند کر دی گئی ہیں۔
انصر محمود نے بتایا کہ زیادہ بیمار افراد ایمرجنسی میں دیکھے جائیں گے جبکہ او پی ڈی دو تین ماہ تک بند رکھی جائے گی۔

