مریض کو بھگانے پر فیکٹری مالک گرفتار
لاہور میں پولیس نے معروف برانڈ کے مالک طاہر سعید کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ کورونا کے مریض ملازم کو گھر سے اس کے آبائی علاقے میں بھجوایا۔
نشتر کالونی پولیس کے مطابق معروف برینڈ ماریہ بی کے مالک کو وائرس پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق سوئی گیس کالونی لاہور کا رہائشی طاہر سعید معروف برینڈ ماریہ بی کا مالک ہے اور اس نے عمر فاروق نام کا ایک باورچی رکھا ہوا تھا۔
طاہر سعید نے عمر فاروق کی طبیعت مسلسل خراب رہنے پر مقامی نجی لیبارٹری سے اس کا کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو پازیٹیو آیا. طاہر سعید نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے بجائے مجرمانہ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمر فاروق کو اس کے آبائی شہر وہاڑی کی بس میں بٹھا دیا۔
نجی لیبارٹری کی طرف سے معمول کے مطابق جب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو عمر فاروق کا کورونا کا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی رپورٹ دی تو حکام حرکت میں آئے. لیبارٹری سے دستیاب ڈیٹا کے پیش نظر حکام نے طاہر سعید سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ عمر فاروق اپنے گاؤں چلا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام نے پولیس کی مدد سے عمر فاروق کو اپنی تحویل میں لے کر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا ہے جبکہ تفتیش کے بعد ماریہ بی کے مالک طاہر سعید کو حراست میں لے لیا ہے. اس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ملازم کی مہلک بیماری چھپائی، اس کو عام شہریوں تک جانے دیا اور باقی لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالی۔

