پاکستان24 متفرق خبریں

ٹائیگرز اب کورونا سے لڑیں گے: عمران خان

مارچ 27, 2020

ٹائیگرز اب کورونا سے لڑیں گے: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ریلیف ٹائیگرز کے نام سے رضاکار فورس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران مال بردار گاڑیاں اور اشیائے خوردونوش بنانے والی فیکٹریاں پابندیوں سے مستثنی ہوں گی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی ملک بھر میں مال بردار گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے سڑکوں پر رواں رہیں گی اور خوراک کی اشیا بنانے والی فیکٹریوں میں بھی کام بند نہیں ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ضروری اشیا کی فراہمی کے لیے ایسا کیا جا رہا ہے اور یہ ایک مشکل توازن ہو گا کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ وائرس بھی نہ پھیلے اور اس کوشش میں غریب شہری بھوک سے بھی نہ مریں۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کا ایک بھی کیس چین سے نہیں آیا بلکہ یہ بیماری ایران سے ملک میں منتقل ہوئی کیونکہ تفتان بارڈر پر زیادہ اچھا قرنطینہ نہیں بنایا جا سکا۔

عمران خان نے یورپی ملکوں سے پاکستان کی صورتحال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کا پھیلاؤ کم ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کے مطابق اٹلی اور امریکہ میں بھی تقریباً انہی دنوں میں کورونا آیا جب ان کے ملک میں وائرس پھیلا لیکن دوسرے ملکوں میں صورت حال زیادہ خراب ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے کہ ایک دو ہفتے بعد کیا صورت حال ہو گی، اس لیے ہر طرح کے حالات کے لیے تیاری کرنا ہو گی اور یہ کہ وہ چینی حکام کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔


عمران خان نے کہا کہ چین میں لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کو گھروں میں کھانا پہنچایا جاتا رہا لیکن پاکستان کے پاس اس قدر انفراسٹرکچر نہیں تاہم اس حوالے سے تیاری ضرور کر رہے ہیں اور ایک رضاکار فورس ریلیف کورونا ٹائیگرز کے نام سے بنا رہے ہیں جس کے لیے 31 مارچ سے نوجوانوں کی رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔

پاکستانی وزیراعظم کے مطابق نئی رضاکار فورس کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا سامان پہنچایا جائے گا۔

”جلد ہی ایک فنڈ انائونس کیا جائے گا، بے روزگاروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ پاکستانی قوم میں خیرات کا جذبہ بہت زیادہ ہے۔ مخیر حضرات کو احساس پروگرام میں رجسٹر کیا جائے گا۔“

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے