امریکہ میں چین کے برابر اموات
امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ دنیا میں وبا کا شکار ہو کر انتقال کرنے والوں کی تعداد 37 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور جان ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکی ریاستوں میں کورونا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد تین ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ چین میں وبا پھوٹنے سے اب تک کل تین ہزار تین سو اموات ہوئی ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ جان ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق اب تک ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں کل ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
اٹلی اور سپین میں شرح اموات زیادہ ہے جہاں مجموعی طور پر 15 ہزار سے زائد افراد وبا سے انتقال کر گئے ہیں۔
دنیا کے 200 کے لگ بھگ ملکوں میں کورونا وائرس نے تقریبا سات لاکھ 85 ہزار لوگوں کو متاثر کیا ہے۔

