پاکستان پاکستان24

پاکستان میں کورونا کے مریض صرف 25 ہزار

اگست 1, 2020

پاکستان میں کورونا کے مریض صرف 25 ہزار

پاکستان میں سرکاری اعداد وشمار میں ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک میں کورونا کی وبا پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب صرف 25 ہزار کے لگ بھگ افراد میں وائرس کی علامات باقی ہیں جبکہ دو لاکھ 48 ہزار سے زیادہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔

کورونا کے مریضوں کے حوالے سے ڈیٹا جمع کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز صرف 841 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران 22 ہزار 930 ٹیسٹ کرائے گئے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ایک دن میں مزید 19 مریض کورونا کے باعث انتقال کر گئے جس کے بعد پاکستان میں مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر پانچ ہزار 970 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض رواں سال فروری کے اواخر میں کراچی میں سامنے آیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کورونا سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئیں جہاں اب تک دو ہزار 220 مریضوں کا انتقال ہوا۔ پنجاب میں اموات کی تعداد دو ہزار 142 رہی جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 199 ہلاکتیں ہوئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 165 جبکہ بلوچستان میں 136 اموات رپورٹ ہوئیں۔

گلگت بلتستان میں 54 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی 54 مریض عالمی وبا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں اس وقت 225 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔

حکام کے مطابق پاکستان کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے ایک ہزار 859 وینٹیلیٹرز مختص کیے گئے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے