پاکستان پاکستان24

طیارہ حادثہ: فی مسافر ایک کروڑ انشورنس کی ادائیگی

اگست 4, 2020

طیارہ حادثہ: فی مسافر ایک کروڑ انشورنس کی ادائیگی

پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کراچی میں تباہ ہونے والے جہاز کے مسافروں کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے انشورنس کی مد میں ادا کرے گی۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے طیارہ حادثے میں مرنے والے مسافروں کے لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان ایئر لائن کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک کے انشورنس کمپنی کے ساتھ مذاکرات کے بعد کیا گیا۔

اس سے قبل تمام لواحقین کو پچاس لاکھ روپے ادا کئے جانے تھے جو کیرج بائی ایئر ایکٹ 2012 کے مطابق تھے۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انشورنس کی رقم میں اضافہ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے سی ای او پی آئی اے کو خصوصی ہدایات دی گئیں تھیں۔

بیان کے مطابق اب تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔ اس سے قبل پی آئی اے دس لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کے لیے پہلے ہی ادا کر چکی ہے۔

ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق بڑھائی گئی انشورنس رقم پہلے سے ادا کی گئی رقم کے علاوہ ہے۔ پی ائی اے نے اس سلسلے میں کام مکمل کرلیا ہے اور اب اسے قانونی ورثاء کی جانب سے جانشینی سرٹیفیکیٹ کا انتظار ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے اس سلسلے میں ورثاء کو خطوط ارسال کیے جارہے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے