’پاک سعودی تعلق قلبی ہے، نقصان نہیں پہنچ سکتا‘
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق صرف دو ملکوں کا نہیں، عوامی بھی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مستحکم ہیں اور مستحکم رہیں گے۔’ یہ تعلق کوئی کل کا نہیں ہے۔ اور یہ تعلق کل بھی ہے اور عوام اس میں مرکزی اہمیت کے حامل ہیں۔ دونوں ملکوں کا یہ تعلق صرف حکومتوں کے درمیان نہیں، لوگوں کے درمیان بھی ہے۔‘
واضح رہے کہ کشمیر کے مسئلے پر اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی کے اجلاس نہ بلانے اور پاکستان کا ساتھ نہ دینے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب پر تنقید کی تھی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’جب لوگوں کے درمیان اتنا محبت کا تعلق ہو تو تعلق سے توقعات پیدا ہوتے ہیں۔ اگر میرا آپ سے تعلق ہے تو آپ سے توقع وابستہ کروں گا۔ اگر میرا سے تعلق ہی نہیں تو میں آپ سے امید کیوں کروں گا۔ تو کشمیر پر پاکستانی لوگوں کا اپنا ایک موقف ہے۔ توقعات ہیں اور وہ اپنے دوستوں سے اپنے چاہنے والوں سے توقع رکھتے ہیں۔‘
اسرائیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔ پاکستان کا بڑا واضح موقف ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں امہ کی واضح اکثریت کا موقف یہ ہی رہے گا اور پاکستان کسی بین الاقوامی دباؤ کے سامنے اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا۔‘

