یوٹیوب فرقہ وارانہ مواد ہٹائے: پاکستان
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب سے کہا ہے کہ وہ اپنے نگرانی کے نظام کو مؤثر بنائے اور ایسے مواد کو ہٹائے جو مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ نوعیت کا ہے۔
جمعرات کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ وہ پاکستان میں غیر اخلاقی، فحاشی اور عریانی پر مبنی مواد اور نفرت انگیز تقاریر پر مبنی مواد کو فوری طور پر ہٹا ئے۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے یوٹیوب پر موجود نامناسب، غیر اخلاقی اور فحش مواد کے انتہائی منفی اثرات کے پیش نظر اور نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ مواد کی موجودگی کی بدولت یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے اور اس طرح کا مواد اس پلیٹ فارم کے ذریعے پھیلانے سے روکنے کے لیے یوٹیوب سے رابطہ کیا۔ اس کے علاوہ ، پلیٹ فارم کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مواد کی نگرانی کے لئے ایک مؤثر اور اعتدال پسند حکمت عملی اختیار کرے تاکہ پاکستان میں اس طرح کے مواد تک رسائی کو روکنے کے ساتھ غیر قانونی مواد کا پتہ لگانے اور حذف کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا سکیں۔

