قیامت کی علامت ہے کہ مسلم لیگی غدار ٹھہرائے گئے: مولانا فضل الرحمان
پاکستان میں حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ن لیگی رہنما ایاز صادق سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ قیامت کی علامت ہے کہ مسلم لیگی غدار ٹھہرائے جا رہے ہیں۔
سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ”میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں، حکومت سیاسی لڑائی میں فوج کو شامل نہ کرے، میرے پاس بہت سارے راز ہیں، لیکن کبھی غیرذمہ دارانہ بات نہیں کی۔“
ایاز صادق نے کہا کہ ان کے بیان کو جس طرح سیاسی رنگ دیا گیا اس سے سلیکٹڈ حکومت نے انڈیا کے بیانیے کو تقویت دی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف لاہور میں بینرز لگائے گئے ہیں۔
بینرز پر درج عبارت میں ایاز صادق کو غدارِ وطن قرار دیا گیا ہے۔ یہ بینرز ان کے حلقے این اے 129 میں لگائے گئے ہیں۔
سنیچر کی صبح پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان لاہور میں ایاز صادق کے گھر پہنچے اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
محترم مولانا فضل الرحمٰن اور برادرم اسعد الرحمان کی برادرم ایاز صادق کے گھر آمد
اظہار ِ یکجہتی اور سیاسی امور پر مشاورتadmin pic.twitter.com/wwjvt4uI9t
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) October 31, 2020
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے انڈین پائلٹ ابھینندن کی رہائی کے معاملے پر بیان دینے والے ن لیگی رہنما ایاز صادق کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔
جمعے کو ایک ٹویٹ میں شبلی فراز نے لکھا کہ ”ایاز صادق کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے۔اب قانون اپنا راستہ لے گا۔ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے جس کی سزاایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے۔“

