فیض آباد میں دھرنا، جھڑپ میں چار زخمی
راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے اہم مقام فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان نے تحفظ ناموس رسالت مارچ کرتے ہوئے دھرنا دے رکھا ہے۔
اتوار کو لیاقت باغ سے شروع کیے گئے مارچ کے شرکا شام کے وقت فیض آباد پہنچے جہاں اسلام آباد داخلے کی کوشش کے دوران پولیس نے ان پر آنسو گیس کے شیل پھینکے جس میں چند مظاہرین زخمی ہو گئے۔
مظاہرین کے پتھراؤ سے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
اتوار سے دونوں شہروں میں فون سروس بند ہے اور بڑی شاہراؤں پررکاوٹیں کھڑی ہیں۔ لاکھوں شہری ایک بار پھر مشکلات میں گھرے ریاست کی رِٹ کا پوچھ رہے ہیں کہ کہاں ہے؟۔
دھرنا دینے والی جماعت تحریک لبیک کا مطالبہ ہے کہ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

