سیاسی جماعتیں لوٹوں کے لیے متفقہ پالیسی بنائیں: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے تجویز دی ہے کہ ساری سیاسی جماعتیں لوٹوں کو خیر آباد کہنے کی پالیسی بنائیں، ہماری جو پالیسی چل رہی ہے پشاور جلسے میں بھی وہی چلے گی ،جی بی میں اکثریت نہ ملنے پر حکومت کو شرم سے منہ چھپا لینا چاہیے،گلگت بلتستان کے اراکین کے حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے کا فیصلہ نوازشریف کریں گے۔
پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس ریلیز میں سب بتا دیا، ان کے چند افسران جذبات میں آ جاتے ہیں اس سے کیا میسیج دیا جا رہا ہے؟اس سے پیغام دیا جا رہا ہے کہ سب ایک پیج پر وہاں بھی نہیں ہیں۔
صحافی نے سوال کیاکہ کراچی واقعہ کی صوبائی رپورٹ کا کیا بنا؟ کیا آپ کو اعتماد میں لیا گیا۔مریم نواز نے جواب دیاکہ ”اس رپورٹ میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، میں، بلاول اور مراد علی شاہ بھی جانتے ہیں۔“
مریم نواز نے کہاکہ سب جماعتیں پالیسی بنائیں کہ لوٹوں کو خیر آباد کہہ دیں گے۔
صحافی نے سوال کیاکہ پشاور جلسہ میں لفظ اسٹیبلشمنٹ استعمال کریں گے یا جرنیلوں کا نام لیں گے پالیسی کیا ہوگی۔ مریم نواز نے کہاکہ جو پالیسی چل رہی ہے وہی چلے گی۔
صحافی نے سوال کیاکہ آپ سخت گفتگو کررہی ہیں، باقی سب جماعتیں ساتھ ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ کسی کا لہجہ نرم کسی کا سخت ہوتا ہے مگر موقف ایک ہی ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں واٹس آپ نتیجہ اڑتالیس گھنٹے پہلے معلوم ہوگیا تھا، نتائج کا اندازہ تھا مگر حکومت کو بے نقاب کرنے گئی تھی۔
اس سوال پر کیاکہ آپ کے سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان نے پی پی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ڈیل کرلی ہے، آپ اتفاق کرتی ہیں ۔ مریم نواز نے کہاکہ وہ خود جواب دے سکتے ہیں مگر انہیں کہا ہے ایسا کہنے کی ضرورت نہیں تھی۔

