پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ ہر صورت ہوگا: اپوزیشن قیادت
پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کی حکومت مخالف تحریک ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے 22 نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کے طے شدہ شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں گے اور سیلیکٹڈ حکومتی ٹولے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جھوٹ اور افواہیں پھیلانے سے 22 نومبر کے جلسے کی تاریخ، مقام اور وقت تبدیل نہیں ہوگا۔
’پی ڈی ایم‘کے سیکریٹری جنرل اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کاحتمی فیصلہ ہے کہ پشاور میں جلسہ 22 نومبر کو ہی ہوگا ،اس لیے پی ڈی ایم کا یہ جلسہ مقررہ تاریخ، مقررہ وقت اور مقررہ مقام پر ہی ہوگا،پشاور میں پی ڈی ایم کے عوامی جلسے میں کورونا کی حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل ہوگا ،سیلیکٹڈ حکومتی ٹولے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ اور افواہیں پھیلانے سے 22 نومبر کے جلسے کی تاریخ، مقام اور وقت تبدیل نہیں کریں گے۔

