پاکستان

پشاور کے ہسپتال میں آکسیجن سیلنڈر ختم، ہلاکتوں کی انکوائری کا حکم

دسمبر 6, 2020

پشاور کے ہسپتال میں آکسیجن سیلنڈر ختم، ہلاکتوں کی انکوائری کا حکم

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ہسپتال میں زیرعلاج کورونا کے چھ مریض آکسیجن سیلنڈر ختم ہونے سے انتقال کر گئے ہیں۔

صوبے کے وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی ہے۔

اتوار کو مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال کو راولپنڈی سے آکسیجن سیلنڈروں کی کھیپ بروقت نہ پہنچ سکی جس سے یہ واقعہ پیش آیا۔

صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے واقعہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دو دن میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ سنیچر کی رات خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی سپلائی ختم ہونے پر مریضوں کو ہنگامی طور پر ریسکیو سروس کے ذریعے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاہم اس کے باوجود چھ انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ’صوبائی حکومت عوام کو یقین دلاتی ہے کہ واقعہ کی شفاف انکوائری ہوگی اور حقائق شفاف طریقے سے سامنے لائے جائیں گے۔‘

پاکستان میں سوشل میڈیا پر اس خبر کے بعد شدید ردعمل دیکھا جا رہا ہے اور صارفین نے اس کو قتل عام قرار دیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے