پاکستان پاکستان24

حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ایک پیج اور ایک سٹیج پر ہیں: اپوزیشن

دسمبر 9, 2020

حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ایک پیج اور ایک سٹیج پر ہیں: اپوزیشن

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ایک پیج پر ہیں۔

بدھ کو اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری اور  مریم نواز کو ظہرانے کے لئے مدعو کیا ہے، پنجاب حکومت مینار پاکستان کو ڈیم بنارہی ہے تاکہ جلسہ نہ ہوسکے۔

مولانا کے مطابق حکومت والے ایک طرف کہتے ہیں کہ جلسہ نہیں روکتے مگر دوسری جانب رکاوٹیں بھی کھڑی ہیں، لاہور کا جلسہ البتہ ہوکر رہے گا اسی معاملے پر آپس میں گفتگو ہوگی۔

پی ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ استعفوں کا آپشن ہم استعمال کریں گے اس حوالے سے چہ مگوئیاں ہوتی رہیں گی جو تحریک کو تقویت دے رہی ہیں۔ سینیٹ کے اگلے مرحلے کے لئے اگر استعفوں کے بعد الیکشن ہوئے تو وہ جعلی تصور کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست سڑکوں پر شروع ہوئی تھی آج بھی سڑکوں پر ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی، مولانا فضل الرحمان، مریم نواز سمیت سب ایک پیج اور ایک سٹیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ ہم اکٹھے ہیں اور تمام جمہوری آپشنز استعمال کریں گے، اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اکٹھے ہیں۔

بلاول نے بتایا کہ پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس طلب کرلیا ہے اور اعتزاز احسن کو بھی بلایا جائے گا، جو فیصلہ پیپلز پارٹی کرے گی وہ ہی فیصلہ اعتزاز سمیت سب کو قبول ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ استعفے پارٹی قیادت کو جائیں گے، جلسہ لاہور میں مینار پاکستان پر ہی ہوگا۔ اب تک عمران خان مسلم لیگ ن کے منصوبوں کی تختیاں لگا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے پاس ایسا کوئی منصوبہ ہی نہیں جس کا کل افتتاح کرنا پڑے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے