پاکستان

وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں، شیخ رشید وزیر داخلہ بن گئے

دسمبر 11, 2020

وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں، شیخ رشید وزیر داخلہ بن گئے

حکومت مخالف تحریک پی ڈی ایم سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نےشیخ رشید وزارت داخلہ کاقلمدان سونپ دیا ہے۔

جمعے کو وفاقی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے وزیراعظم نے انسداد منشیات، داخلہ اور ریلوے کے وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کیے ہیں۔

شیخ رشید احمد کو وزیر داخلہ بنانے کے ساتھ اعظم سواتی کو ریلوے کی وزارت دی گئی ہے جبکہ اعجاز شاہ کو انسداد منشیات کی وزارت سونپی گئی۔

دوسری جانب عبدالحفیظ شیخ نے بطور وزیر خزانہ اپنے عہدے کا حلف لے لیا ہے۔

ایوان صدر میں ہونے والی سادہ مگر پروقار تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے عبدالحفیظ شیخ سے عہدے کا حلف لیا۔

وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے منصب ملنے کے بعد اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں پی ڈی ایم کی تحریک سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اعظم کو سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم تحریک پر تفصیلی بریف کیا۔

ملاقات میں پی ڈی ایم کے ممکنہ لانگ مارچ ،استعفوں اور تحریک کے دیگر مراحل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ شیخ رشید احمد کی یہ 15 ویں وزارت ہے۔ وہ پہلی دفعہ 1991 میں نواز شریف کابینہ میں وزیر صنعت بنے۔وزارت ثقافت بھی ان کے پاس رہی۔

نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں شیخ رشید احمد کو کھیل، ثقافت سیاحت امور نوجوانان، محنت افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے قلمدان سونپے گئے۔

2002 میں وزیراعظم جمالی کی کابینہ میں وزیر اطلاعات رہے اور بعد ازاں شوکت عزیز کابینہ میں وزیر ریلوے رہے۔

عمران خان نے ہی شیخ رشید کو 2018 میں وزیر ریلوے بنایا گیا۔ آج ان کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹکس کنٹرول اعجاز شاہ نے بھی ملاقات کی اور نئی وزارت سے متعلق وزیراعظم نے انہیں بھی منشیات کے خاتمے سے متعلق اہم ٹاسک سونپ دیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے