پاکستان پاکستان24

’جی ایچ کیو اور باجوہ صاحب کو بولیں گے نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘

دسمبر 25, 2020

’جی ایچ کیو اور باجوہ صاحب کو بولیں گے نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘

پاکستان میں اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے سربراہ کی کردار کشی بند نہ کی گئی تو وہ ملک کے فوجی ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج کریں گے۔
اسلام آباد میں پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان کے خلاف بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، چند میڈیا ہاؤسز نے بھی مولانا صاحب کے خلاف مہم چلائی۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی نے اپنے وکلا سے مشاورت کی ہے۔ ’مولانا محمد یوسف کی زیر صدارت مجلس عاملہ اور وکلا کا اجلاس ہوا جو چھ گھنٹے جاری رہا۔ جے یو آئی نے مقتدر اداروں کے لب و لہجے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ اجلاس مقتدر اداروں کو تنبیہ کرتا ہے ادارے سیاست سے باز آئیں۔ فوج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم یہ کہنا ضروری سمجھتے ہیں چند جرنیل ذاتی مفاد کے لیے ادارے کے کردار کو داغدار کر رہے ہیں۔‘

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ ’آپ نے سلیکٹ کرلیا اب تو پتہ چل گیا ہے ۔ اب ہی ادارے باز آجائیں۔ کیا اب بھی اداروں کو پتہ نہیں چلا کہ یہ کتنا نااہل ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اب نیب کا استعمال بند کر دیں۔ کہتے ہیں کہ نیب نے مولانا فضل الرحمن کو بلایا ہے ان کو شرم نہیں آتی۔ ماضی میں بھی بلیک میل کرنے کی ہمیں کوشش کی جاتی رہی ہے، بلیک میل نہیں ہوں گے۔

سینیٹر حیدری نے کہا کہ لاہور جلسے کے بعد ان کی چیخیں نکلی ہیں تو اب بدمعاشی پر اتر آئے ہیں۔ نیب انتقامی ادارہ ہے اور اب اوپر سے دباؤ ہونے کا اعتراف کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کہتے ہیں ہمارا نام نہ لو۔ ’جب آپ سب کچھ کروائیں گے تو نام لینا پڑے گا۔ عمران اور نیب کچھ نہیں وہ شو پیس ہیں۔‘

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی بند کی جائے۔ ’اگر باز نہ آئے تو ہمارا احتجاج محرکین کے خلاف ہوگا۔ ہماری کردار کشی جاری رہی تو ہم سمجھیں گے نیب اور عمران خان نہیں پیچھے والوں کو سامنے لائیں گے۔ ان تمام محرکات کے ذمہ دار باجوہ صاحب اور جی ایچ کیو ہے۔ ہم جی ایچ کیو اور باجوہ صاحب کو بولیں گے نہ چھیڑ ملنگا نوں۔‘

’ہم جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کریں گے ۔ ہم پھر جنرل باجوہ کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ آج بھی دست شفقت عمران سے ہٹاؤ عمران دھڑام سے گر جائے گا۔‘

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سپاہی اور دیگر افسران بہتر ایک آدھ جرنیل یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔ آپ پیچھے ہٹ جاؤ ہم جانیں اور عمران جانے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکیس جنوری کو کراچی میں اسرائیل کے خلاف مارچ ہوگا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے