پاکستان

گلگت بلتستان اگلے سال عبوری صوبہ بن جائے گا: وزیر اطلاعات جی بی

دسمبر 27, 2020

گلگت بلتستان اگلے سال عبوری صوبہ بن جائے گا: وزیر اطلاعات جی بی

خالد عزیز ۔ ایڈیٹر رپورٹنگ

گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقی فتح اللّہ خان کا کہنا ہے کہ اُن کی حکومت جنوری میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے قرارداد اسمبلی میں پیش کرے گی۔
فتح اللّہ خان نے اسلام آباد کے گلگت ھاؤس میں نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبوری صوبہ بننے کے اگلے مرحلے میں گلگت بلتستان کو پاکستان کا باقاعدہ پانچواں آئینی صوبہ بنایا جائیگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ سچّے پکّے پاکستانی ہیں۔
گلگت۔بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید کی قیادت میں کابینہ اراکین کا وفد حلف اُٹھانے کے بعد پہلی دفعہ اسلام آباد کے دورے ہر ہے۔
فتح اللّہ خان کے مطابق مذکورہ قرارداد کو متّفقہ طور پر منظور کرانے کیلئے تمام اراکین کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بصورتِ دیگر حکومت اِس قرارداد کو کثرتِ رائے سے منظور کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت اِس حوالے سے تمام علاقائی اور عالمی سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے چکی ہے۔

فتح اللہ  خان نے کہا کہ الیکشن سے قبل ایسا حسّاس مسئلہ عوام میں تقسیم کا باعث بن سکتا تھا جس کا نقصان پی ٹی آئی گلگت۔بلتستان کو ہوتا لہٰذہ وقتی طور پر اِس عمل کو روک دیا گیا تھا۔
اس سوال کے جواب میں کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے تعین پر بھارت کا کیا ردِّ عمل ہوگا، اُن کا کہنا تھا کہ بھارت جی بی کو کشمیر کے قضیے کا حصّہ سمجھتا ہے لیکن یہ تاریخی طور پر غلط ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ 1948 میں اپنی آزاد مرضی سے پاکستان کے شہری بنے۔
فتح اللّہ خان نے کہا کہ اُن کا کشمیر کے مسئلے سے بس اتنا تعلق ہے کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں اور بحیثیت مسلمان اور پاکستانی اُن کیلئے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے