اپوزیشن استعفے نہیں دے گی: وزرا – ہم عوام یہ فوج کی بات کرتے ہیں: مریم نواز
پاکستان میں حکومت کے وزرا کی پریس کانفرنسز اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے کارکنوں سے خطابات کا سلسلہ جاری ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جبکہ ن لیگی رہنما مریم نواز نے کشمیر ہاؤس میں خطاب کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے مذاکرات کو وزیراعظم کے استعفے سے مشروط کرنے سے ظاہر ہے ہوتا ہے کہ وہ بات چیت سے کترا رہے ہیں، وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے خواجہ آصف کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ انہیں لگتا ہے وہ الزامات کے جواب میں نیب کو مطمئن نہیں کر سکے اسی لیے بات گرفتاری تک پہنچی، مزید وضاحت خواجہ آصف خود ہی دے سکتے ہیں۔
”نیب قوانین اور چیئرمین نیب کے انتخاب سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں۔“
ان کا کہنا تھا کہ جب ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کی بات کی تو اپوزیشن نیب قانون میں ترامیم کی بات کر رہی تھی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ پاش پاش ہو گیا کیونکہ پہلے یہ کہہ رہے تھے کہ 31 جنوری تک وزیراعظم نے استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ ہو گا۔
دوسری جانب کشمیر ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو مودی کا یار کہنے والوں نے کشمیر مودی کی جھولی میں ڈال دیا۔
ان کا کہنا تھا ’وزیراعظم سیلیکٹڈ تو تھے ہی اب ریجیکٹڈ بھی ہو جائیں گے۔‘ مریم نواز کے بقول انہیں فخر ہے کہ وہ دلیر انسان کی بیٹی ہیں۔
انہوں نے کشمیری زبان میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے باسیوں کو نواز شریف کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ مریم نواز کے مطابق آج قدرت نے وہ تمام الزامات جھوٹے ثابت کر دیے ہیں جو ان پر عمران خان نے لگائے اور جو نواز شریف نے ان کے بارے میں کہا وہ بھی سچ ثابت ہوا۔
مریم نواز نے کہا کہ آج وزیراعظم خود اقرار کر رہے ہیں کہ انہیں بغیر تیاری کے لایا گیا اور انہیں گردشی قرضہ اور دیگر اعدادوشمار کی سمجھ نہیں۔
ن لیگ کی رہنما نے کہا کہ آج اللہ نے نواز شریف کو بے قصور ثابت کر دیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم فوج کے خلاف بات کرتے ہیں۔
’فوج ہمارا ادارہ ہے، ہم کہتے ہیں عوام عوام، یہ کہتے ہیں فوج فوج، ہم کہتے ہیں مہنگائی۔ یہ کہتے ہیں، ایک پیج ایک پیج‘

