پاکستان پاکستان24

بلوچستان میں 11 مزدوروں کے گلے کاٹ دیے گئے، ہزارہ برادری کا دھرنا

جنوری 3, 2021

بلوچستان میں 11 مزدوروں کے گلے کاٹ دیے گئے، ہزارہ برادری کا دھرنا

بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مزدوروں کے قتل کے بعد ہزارہ برادری نے کوئٹہ میں دھرنا دیا ہے۔

شدت پسندوں نے مزدوروں کو بہیمانے طریقے سے الگ لے جا کر گلے کاٹ کر قتل کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق کان کنوں کے ہاتھ پیچھے باندھ کر قتل کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مقتولین کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔

‏پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے واقعے کے بعد ٹویٹ کیا کہ ”بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلے کے 11 معصوم کان کنوں کا قابل مذمت قتل انسانیت سوز بزدلانہ دہشگردی کا ایک اور واقعہ ہے۔ایف سی کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے قاتل گرفتار اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑے کئے جائیں۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کو بالکل تنہا نہیں چھوڑے گی۔“

قبل ازیں بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال اور وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے مچھ کے علاقے گشتری میں کان کنوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ”صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ دہشتگردی کسی بھی شکل میں ہو نا قابل قبول ہے۔“

علاقے میں موجود سکیورٹی سے منسلک ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد نے کان کنوں کو قتل کیا جبکہ کئی زخمی بھی ہیں۔

علاقے میں پولیس اور ایف سی کے اہلکار پہنچ گئے ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق مقامی حکام نے گیارہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ میتیں کوئٹہ منتقل کی جائیں گی۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد ہزارہ برادری کے افراد احتجاج کررہے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے