بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے ایف نائن پارک گروی رکھنے کا فیصلہ
پاکستان میں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے 750 ایکڑ پر مشتمل ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر 500 ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کے لیے سکوک بانڈ جاری کرنے کا معاملہ وفاقی کابینہ کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں زیربحث آئے گا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس کی منظوری ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سرکاری بجلی کمپنیاں گروی رکھ کر 200 ارب روپے اور کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ گروی رکھ کر 500 ارب روپے قرض لیا جاچکا ہے۔
پاکستان پر بین الاقوامی قرضوں کا بوجھ ساڑھے تین ہزار ارب سے تجاوز کر چکا ہے اور حکومت نے رواں سال بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے دس قومی اداروں کی نجکاری کا عندیہ دیا ہے۔

