پاکستان پاکستان24

روات کے اڈے پر آرمی کا قبضہ، پارکنگ فیس وصول کرتی ہے: وزیر داخلہ

فروری 3, 2021

روات کے اڈے پر آرمی کا قبضہ، پارکنگ فیس وصول کرتی ہے: وزیر داخلہ

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی میں اعتراف کیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے روات کے بس اڈے پر آرمی کا قبضہ ہے اور سٹیشن کمانڈر وہاں سے ٹھیکیدار کے ذریعے پارکنگ فیس وصول کرتا ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں ایک سوال کے تحریری جواب میں شیخ رشید نے بتایا کہ یونین کونسل روات میں لوکل گورنمنٹ بس اڈے میں پارکنگ فیس وصول نہیں کر رہی کیونکہ یہ آرمی کے قبضے میں ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق سنہ 2013 میں مقامی اسسٹنٹ کمشنر نے اڈے کا قبضہ چھڑا لیا تھا مگر راولپنڈی کے سٹیشن کمانڈر کی جانب سے دوبارہ قبضہ کر لیا گیا۔

قومی اسمبلی کے رکن سعد وسیم نے وزیر داخلہ کی توجہ روات کے علاقے میں وصول کی جانے والی غیر قانونی پارکنگ فیس کی جانب دلائی تھی اور پوچھا تھا کہ اسلام آباد کے علاقے میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے افراد غیر قانونی طور پر مسافر گاڑیوں سے رقم وصول کر رہے ہیں ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟۔

شیخ رشید نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ راولپنڈی کے سٹیشن کمانڈر کی جانب سے علاقے میں دوبارہ قبضے کے بعد یونین کونسل روات نے سنہ 2016 میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں رٹ پٹیشن تاحال زیر التوا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے