پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کے لیے شہریوں کی رجسٹریشن شروع
پاکستان میں حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لیے شہریوں کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔
پیر کو وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیراعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے بتایا کہ ملک میں 65 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد خود کو رجسٹرڈ کرائیں،شناختی کارڈ نمبر لکھ کر ڈبل ون ڈبل سِکس پرمیسیج کریں، ویکسین مارچ سےلگائی جائے گی۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے بعد 65 سال سے زائد بزرگ شہریوں کی رجسٹریشن پیر سےشروع ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمرنے ٹوئٹر پر معمر افراد کو پہلے مرحلے میں ویکسین لگانے کی خبر دیتے ہوئے کہا65 برس اور زائد عمرکے بزرگ شہری خود کورجسٹرڈکرائیں، رجسٹریشن کےلیے قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کرکسی بھی موبائل سے 1166 پر میسیج کریں۔
وزیراعظم کے مشیر برائےصحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹویٹ میں معمر شہریوں سے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی،کہا ویکسین مارچ سے لگائی جائے گی۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق پاکستان میں60 سال سے زائد عمر شہریوں کی تعداد تقریباً 85 لاکھ ہے، بزرگ شہریوں کو کو برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا لگائے جانےکا امکان ہے۔

