این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ سے دو ہلاک
پاکستان کے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی بھی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور نوشہرہ میں ن لیگ کے امیدوار کو برتری حاصل ہے۔
جمعے کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران بعض پولنگ سٹیشنز پر بدنظمی کے واقعات دیکھنے میں آئے۔
پولیس کے مطابق ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں صورت حال کشیدہ رہی اور گوئند کے پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ کے ایم ایس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ایک دوسرے پر ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کرانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈسکہ میں پولنگ کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے آئی جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے واقعے بھی رپورٹ ہوئے۔ گورنمنٹ ہائی سکول نسبت روڈ کے پولنگ سٹیشن پر نامعلوم کار سواروں نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر علاقے سے شیئر کی جانے ویڈیوز میں دیکھا جا رہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں فائرنگ کی جا رہی ہے۔
ڈسکہ مین بازار میں بھی قائم پولنگ سٹیشن کے قریب چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ووٹرز میں خوف وہراس پھیلا۔
ڈسکہ کلاں میں بھی رنگیلا چوک کے قریب پولنگ سٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس اور بھگدڑ مچ گئی، نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
ڈسکہ پوسٹ گریجویٹ کالج کے سامنے بھی نامعلوم افراد پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں این اے 45 پر آزاد امیدوار اور تحریک انصاف میں مقابلہ ہے۔

