نااہلی کیس: ’صاف بتایا جائے کیا فیصل واوڈا قانون سے بالاتر ہیں؟‘
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو نااہلی کیس میں 10 مارچ کو طلب کر لیا ہے اور پچھلی سماعت میں ان پر عائد 50 ہزار روپے جرمانے کی رقم پاکستان سویٹ ہوم کو دینے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو الیکشن کمیشن کے پنجاب سے ممبر الطاف ابراہیم قریشی نے وفاقی وزیر کی طلبی کے باوجود عدم حاضری پر سخت مایوسی کا اظہار کیا اور ان کے وکیل محمد بن محسن سے پوچھا کہ صاف بتائیں فیصل واوڈا کیوں نہیں آئے؟ کیا وہ قانون سے بالاتر ہیں؟
کمیشن کے چار ارکان پر مشتمل بینچ نے واوڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے طلب چھٹی بار کرنے کے باوجود بھی وفاقی وزیر فیصل واوڈا پیش نہیں ہوئے۔
سماعت کے دوران وکیل محمد بن حسن نے کہا کہ گذشتہ سماعت کا حکم نامہ نہیں ملا جس میں فیصل واوڈا کو طلب کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کا حکم سر آنکھوں پر ہوگا۔
ممبر کمیشن الطاف ابراہیم نے کہا کہ ’جہاں اتنے جھوٹ بولے ایک جہاز کا ٹکٹ نہ ملنے کا بھی بول دیتے۔ ہم روایت نہیں بنانا چاہتے کہ اسمبلی خالی ہوتی جائے، فیصل واوڈا آ کر بتا دیتے کہ میں نے اس تاریخ کو دہری شہریت چھوڑ دی تھی۔
فیصل واوڈا کے وکیل نے ذاتی حیثیت میں طلبی کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کر دی جسے کمیشن نے مسترد کر دیا اور وفاقی وزیر کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ ’کمیشن پہلے ہی حکم جاری کر چکا ہے۔ کس قانون کے تحت اپنے حکم پر نظرثانی کریں؟‘
واوڈا کے وکیل نے کہا کہ ’پہلے کمیشن اپنے دائرہ اختیار اور درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے۔ الیکشن کمیشن ڈیڑھ سال بعد نااہلی درخواستوں پر سماعت نہیں کر سکتا جس پر ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ کمیشن کو سماعت کا اختیار نہیں؟ خوامخواہ کیس کو لٹکانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آج تک فیصل واوڈا نے جواب بھی جمع نہیں کرایا۔‘
انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں۔ فیصل واوڈا جس پارلیمان کے رکن ہیں کیا انہیں اس کی بالادستی کا احترام نہیں؟
بعد ازاں فیصل واوڈا کے وکیل نے ان کی عدم پیشی پر الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی والدہ بیمار ہیں جس کے باعث وہ پیش نہیں ہو سکے۔ فیصل واوڈا کا جواب پہلے ہی جمع کروا چکے ہیں۔
کمیشن کے رکن ارشاد قیصر نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کراچی نے فیصل واوڈا کے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی سماعت کرتے ہوئے دوہری شہریت کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہی متعلقہ فورم ہے جو یہ کیس سن سکتا۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔