اہم خبریں پاکستان24 عالمی خبریں

رواں سال کورونا زیادہ مہلک، اولمپکس کا انعقاد خطرے میں

مئی 15, 2021 2 min

رواں سال کورونا زیادہ مہلک، اولمپکس کا انعقاد خطرے میں

Reading Time: 2 minutes

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا رواں سال پہلے سے زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے۔
اس دوران جاپان نے ملک میں ایمرجنسی صورتحال کی مدت میں توسیع کر دی ہے جبکہ دنیا بھر سے اولمپکس مقابلوں کا انعقاد ملتوی کرنے کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گھبریوسس نے کہا ہے کہ ‘ہم دوسرے سال اس وبا کی زد میں ہیں اور اس بار یہ پہلے سے زیادہ مہلک و جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔’
ادھر جاپان میں صورتحال مایوس کن ہوتی جا رہی ہے جہاں حکام نے تین مزید علاقوں سے ایمرجنسی کے نفاذ کو پھیلاتے ہوئے اس کی مدت میں توسیع کر دی ہے جبکہ اولمپکس کے انعقاد میں صرف دس ہفتوں کا وقت باقی ہے اور عالمی مقابلوں کے انعقاد کو ملتوی کرنے کی مہم چلانے والوں نے وبائی حالات میں اس کے خلاف تین لاکھ پچاس ہزار دستخط حاصل کر لیے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں مئی کے اواخر تک ایمرجنسی کا نفاذ ہے اور حکام نے ہیروشیما، اوکایاما اور شمالی ہکیدو کے علاقوں تک اس کو پھیلا دیا ہے جہاں اولمپکس کے میراتھن مقابلے ہوں گے۔
جاپان میں ان مقابلوں کے رواں سال گرمیوں میں انعقاد کے لیے عام شہریوں کی رائے نفی میں ہے۔
ٹینس سٹار روجر فیڈرر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتھلیٹس فیصلے کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، کیا یہ مقابلے منعقد ہوں گے یا نہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اولمپکس میں کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں لیکن اگر یہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں منعقد نہیں ہوتے تو میں پہلا شخص ہوں گا جو اس بات کو سمجھے گا۔’
عالمی وبا سے دنیا میں 33 لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
دسمبر 2019 میں چین سے پھیلنے والی اس وبا کی روک تھام کے لیے دنیا کے کئی ملکوں نے ویکسین بنا لی ہے تاہم تاحال اس کے علاج کے لیے کوئی میڈیسن دستیاب نہیں ہے۔
انڈیا جو اس وقت کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے، نے اپنے شہریوں کو روسی ویکسین سپوتنک لگانا شروع کر دی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے