صدر کا غصہ، نائجیریا میں ٹوئٹر بند کرنے کا حکومتی اعلان بھی ٹوئٹر پر
Reading Time: < 1 minuteنائجیریا میں حکومت نے سماجی رابطوں کی بڑی ویب سائٹ کو بند کر دیا ہے.
حکومت نے یہ اقدام صدر محمد بخاری کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹر پوسٹ کو ہٹانے کے بعد اٹھایا جس میں انہوں نے علاقائی علیحدگی پسندوں کو سزا دینے کی بات کی تھی۔
حکومت کے اس اقدام کے بارے میں وزارت کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر کی سروس بند کیے جانے کی تفصیلات کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت کے ایک عہدیدار نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’ابھی انتظار کریں اور دیکھیں کہ معاملات کس طرف جاتے ہیں۔‘
سنیچر کی صبح نائجیریا میں موبائل فونز پر ٹوئٹر کی ویب سائٹ تک رسائی ممکن نہیں تھی۔ جبکہ لاگوس اور ابوجا میں روئٹرز کی جانب سے کیے گئے ٹیسٹس کے مطابق ٹوئٹر اپلیکشن اور ویب سائٹ کام کر رہی تھی۔
دوسری جانب ٹوئٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نائجیریا کی حکومت کی جانب سے آپریشن معطل کرنے کی وجہ کے بارے میں ٹوئٹر مکمل گہرائی سے تحقیقات کر رہا ہے اور جیسے ہی اس حوالے سے مزید معلومات میسر ہوں گی ہم آگاہ کر دیں گے۔‘
خیال رہے کہ ٹوئٹر نے بدھ کے روز صدر بخاری کی پوسٹ کو دھمکی آمیز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری عمارتوں پر حملوں کا الزام لگانے والے گروہوں کو سزا کی دھمکی دینے والی پوسٹ ٹوئٹر کی پالیسی کے خلاف ہے .