موٹر ویز اور ایئرپورٹس گروی رکھ کر قرضہ لینے کی منظوری
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اگلے سال ڈیڑھ کھرب سے زائد قرضہ لینے کے لیے سکوک بانڈز کے اجرا کی منظوری دے دی ہے جس کے لیے دو موٹر ویز اور دو ایئرپورٹس گروی رکھے جائیں گے۔
منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ ’کابینہ نے سکوک بانڈز کے اجرا کی وزارت خزانہ کی سمری کی مکمل منظوری دے دی ہے اور فنانس ڈویژن اس میں مزید اثاثے بھی طے کر سکتی ہے۔‘
فنانس ڈویژن نے سکوک بانڈز کے اجرا کے لیے اسلام آباد پشاور موٹروے، پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹر وے اور اسلام آباد ایکسپرس وے گروی رکھنے کی نشاندہی کی تھی جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر بھی سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری مانگی گئی تھی جو دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر اسلامی بانڈز جاری کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی گئی تھی جو وزیراعظم نے مسترد کر دی تھی اور وزارت خزانہ کو عوامی مقامات کے بجائے دیگر اثاثوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تھی۔