پاکستان

دوبارہ گنتی ن لیگ کورنگی کنٹونمنٹ سے محروم

اکتوبر 1, 2021

دوبارہ گنتی ن لیگ کورنگی کنٹونمنٹ سے محروم

کراچی،رپورٹ: عبدالجبارناصر
کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈز کی دوبارہ گنتی کے نتائج میں حیران کن طور پر کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 5 میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کے مزید 10 ووٹ مسترد اور پیپلزپارٹی کے 3 ووٹ سے ناکام امیدوار کی دوبارہ گنتی میں 5 ووٹ سے کامیابی کے بعد ن لیگ سندھ واحد کنٹونمنٹ سے بھی محروم ہوگئی ، جبکہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 7 میں تحریک انصاف اپنی جیت برقرار نہ رکھ سکی اور اب فیصلہ ٹاس کے ذریعے ہوگا ، فیصلہ ایم کیوایم کے حق میں آنے کی صورت میں ملیر کنٹونمنٹ میں تحریک انصاف سادہ اکثریت سے محروم ہوجائے گی ۔

امیدواروں کی درخواست پر جمعرات کو دو کنٹونمنٹ کے 5 وارڈز میں دوبارہ گنتی ہوئی ۔دوبارہ گنتی میں سب سے دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی ، جب 12 ستمبر کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن)کے 3 ووٹ سے کامیاب امیدوار ملک جاوید اقبال کے حیران کن طور پر 10 ووٹ مسترد ہوگئے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کامران آصف 5 ووٹ سے کامیاب قرار پائے ۔

12 ستمبر کے نتائج کے مطابق کل 468 ووٹ کاسٹ ہوئے اور ان میں سے 13 مسترد ،جبکہ 455 ووٹ کو درست قرار دیا گیا، جن میں سے مسلم لیگ(ن) کے ملک جاوید اقبال کو 182 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار دیا ،جبکہ 179 ووٹ کے ساتھ پیپلزپارٹی کے کامران آصف دوسرے، 76 ووٹ کے ساتھ تحریک انصاف کے ذوہیب علی بھٹی تیسرے اور 18 ووٹ کے ساتھ جماعت اسلامی کے عامر آصف چوتھے نمبر رہے۔

جمعرات کو دوبارہ گنتی کے دوران 12 مزید ووٹ مسترد قرار دئے گئے ، جن میں سے 10 ووٹ مسلم لیگ (ن) اور 2 ووٹ پیپلزپارٹی کے تھے ، جبکہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی سابقہ پوزیشن برقرار رہی ۔دوبارہ گنتی کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے کامران آصف کو 177 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا ، جبکہ مسلم لیگ(ن)کے ملک جاوید اقبال 172 ووٹ کے ساتھ دوسرے ، 76 ووٹ کے ساتھ تحریک انصاف کے ذوہیب علی بھٹی تیسرے اور 18 ووٹ کے ساتھ جماعت اسلامی کے عامر آصف چوتھے نمبر رہے۔

سندھ کے 8 کنٹونمنٹ میں سے کورنگی کنٹونمنٹ واحد بورڈ تھا ، جہاں مسلم لیگ(ن)5 میں سے 2 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھی ، جبکہ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور این کیوایم پاکستان کو ایک ایک نشست ملی تھی اور امکان تھاکہ نائب صدر مسلم لیگ (ن)کا بنے گا۔

ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 7 میں دوبارہ گنتی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تحریک انصاف کے امیدواروں میں ٹائی ہوگیا اور فیصلہ ٹاس کے ذریعے جمعہ کو(آج)ہوگا۔12 ستمبر کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد واصف 273 ووٹ کے ساتھ کامیاب ، جبکہ ایم کیوایم پاکستان اور پیپلزپارٹی کے امیدوار 272اور 272 ووٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر تھے۔

دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف کے امیدوار کے 4 اور ایم کیوایم کے امیدوار 3 ووٹ مسترد ہوگئے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کے 4 سے زائد ووٹ مسترد ہوگئے۔ دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف اور ایم کیوایم پاکستان دونوں امیدواروں کو 269اور 269ووٹ ملے۔ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 7 کے نتائج ٹاس میں تحریک انصاف کے خلاف آنے کی صورت میں تحریک انصاف سادہ اکثریت سے محروم ہوجائے گی۔

ملیر کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 4ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی تحریک انصاف کے امیدوارملک امان اللہ خان 365ووٹ لے کر اپنی جیت کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے اور پیپلز پارٹی کے علی قاسم سید 346ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔اس وارڈ میں نتائج 12 ستمبر کے مطابق ہی رہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے