نوٹیفیکیشن جاری، مبارک ساعت اگلے ماہ کی 20 ہوگی
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں عمران خان کی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرر کا نوٹی فیکیشن جاری کردیاہے جس کا اطلاق 20 نومبر سے ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخطوں سے منگل کو جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرر کی منظوری دے دے دی ہے جس کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہو گا۔ ان کا انتخاب سمری کے پیراگراف چھ میں دیے گئے پینل سے کیا گیا ہے۔ ‘
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والی نوٹیفیکیشن کے مطابق موجودہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021 تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
نوٹیفیکیشن کے ساتھ ہی وزیراعظم آفس سے ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ منگل کے روز وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔
’ملاقات دونوں کے درمیان باہمی مشاورت کا حصہ تھی جس میں آئی ایس آئی میں کمان کی تبدیلی کی تاریخ اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر بات چیت ہوئی۔‘
اس عمل کے دوران وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم آفس کو افسران کی ایک فہرست موصول ہوئی۔ وزیراعظم نے نامزد تمام افسران کا انٹرویو کیا جس کے بعد منگل کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان مشاورت کا حتمی مرحلہ ہوا۔
اس ملاقات کے بعد ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کا نوٹیفیکیشن جاری کردیاگیا۔
خیال رہے کہ 6 اکتوبر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا۔