منشیات سمگلنگ کا الزام، سری لنکا میں پانچ پاکستانی گرفتار
Reading Time: < 1 minuteسری لنکا کے حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے پانچ پاکستانی اور ایک ایرانی شہری کو گرفتار کیا ہے جو سینکڑوں کلوگرام ہیروئین سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تاہم پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ صرف ایک پاکستانی پکڑا گیا ہے۔
سری لنکن نیوی نے مغربی ساحل سے 900 سمندری میل دور مچھلیوں کا شکار کرنے والے ایک جہاز کو روکا جس میں غیرملکی سوار تھے۔
جہاز میں 250 کلوگرام ہیروئین تھی جس کی مالیت کا اندازہ 12 لاکھ ڈالرز (21 کروڑ پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔ سری لنکن نیوی جہاز کو اپنی تحویل میں ساحل پر لائی اور مشتبہ سمگلرز کو پولیس کے حوالے کیا۔
نیوی کے ترجمان کیپٹن اندیکا ڈی سلوا نے کہا کہ ’مشتبہ افراد میں پانچ پاکستانی اور ایک ایرانی ہے اور ہم نے انہیں آج پولیس نارکوٹکس بیورو کے حوالے کیا ہے۔‘
کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ ’ہوسکتا ہے شہریت کو گڈ مڈ کر دیا گیا ہو۔ ایک پاکستانی اور پانچ ایرانی ہو سکتے ہیں۔ عرب نیوز پاکستان اس حوالے سے تصدیق نہیں کرسکا۔
پاکستانی افسر کا کہنا تھا کہ ’ان کی سرحد ایک ہے اور عام طور پر لوگ فارسی بولتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ مقامی حکام نے ان کی شہریت کو مکس کردیا ہو۔‘
کولمبو میں ایرانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ’انہیں اس معاملے کی کوئی خبر نہیں ہے۔‘