پاکستان

اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال ہوگی: حکومت

جنوری 10, 2022

اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال ہوگی: حکومت

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کی بحث اب اگلے مرحلے میں چلی گئی ہے، اب اس کی پلاننگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم مشین کے استعمال پر آمادگی ظاہر کی ہے اور حکومت کو درکار ای وی ایمز کی تعداد سے آگاہ کیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کو خط بھیجا ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ کب تک مشینیں اسے مل جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو اگلے ہفتے مشینیں مہیا کر دی جائیں گی اور اس پر اپنے عملے کو ٹریننگ دے گا۔ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن غیر متنازع اور شفاف ہوں گے۔‘

شبلی فراز نے خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں الیکٹرانک مشین نہ ہونے کی وجہ سے دو لاکھ 34 ہزار ووٹ مسترد ہوئے۔
’جتنے ووٹوں سے کوئی امیدوار جیتا، اس سے زیادہ تو مسترد ہوئے اور نتائج بھی لیٹ ہوئے۔‘

ان کے مطابق اگر وہاں ای وی ایم کا استعمال ہوتا تو یہ مسائل نہ ہوتے اور نتائج بھی وقت پر آتے۔

انہوں نے کہا کہ ’خیبرپختونخوا میں آدھا الیکشن ہوا ہے تاہم اس سے ای وی ایم کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے کیونکہ ایک ایک ووٹ اہم ہے۔ ای وی ایم سے الیکشن شفاف بھی ہوتا ہے اور بروقت نتائج بھی آ جاتے ہیں۔‘

شبلی فراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ای وی ایم کے حوالے سے کچھ روز سے کچھ اخبارات میں مکمل اور جزوی طور پر غلط خبریں چھپ رہی تھیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے