پاکستان

اسلام آباد میں ناکے پر فائرنگ، ایک اہلکار، دو موٹر سائیکل سوار ہلاک

جنوری 18, 2022

اسلام آباد میں ناکے پر فائرنگ، ایک اہلکار، دو موٹر سائیکل سوار ہلاک

وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ایٹ کے جیلانیہ چوک میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس ناکے پر فائرنگ کرکے ہیڈ کانسٹیبل کو ہلاک اور دو اہلکاروں کو زخمی کیا، جوابی فائرنگ میں دونوں حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گئے،فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکھٹے کیے اور ملزمان کی موٹرسائیکل کا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی کے سیکٹر جی ایٹ جیلانیہ چوک میں نقاب پوش موٹرسائیکل سوار ڈاکووں نے پولیس ناکہ پر فائرنگ کی،اس دوران گولیاں لگنے سے ہیڈ کانسٹیبل منور ہلاک ہو گیا،ناکے پر تعینات اہلکار روز امین اور راشد زخمی ہوگئے،زخمی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے دوران دونوں دہشتگرد بھی موقع پر مارے گئے،جن کی شناخت کا عمل جاری ہے.

دہشتگردوں کے زیر استعمال موٹرسائیکل کا ریکارڈ پولیس نے حاصل کرلیا ہے،پولیس کی فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد بھی جمع کیے.

دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملنے پر آئی جی اسلام آباد نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے،جائے حادثہ پر ایس ایس پی آپریشنز سمیت افسران نے انھیں واقعہ بارے بریفنگ دی ہے،جس کے بعد آئی جی اسلام آباد زخمی اہلکاروں کی عیادت کے لئے پمز اسپتال گئے،اورزخمی اہلکاروں کی عیادت کی.

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ائی جی اسلام آباد نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک میں شامل دوسرے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے.

ترجمان کے مطابق ائی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پولیس ملازمین نے دلیری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا،دہشتگردوں نے پولیس ناکہ دیکھ کر 50 میٹر کے فاصلے سے فائرنگ کی،جس کا موثر جواب دیا گیا.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے