اہم خبریں پاکستان

فیس بک پر توہین مذہب، عدالت نے 26 سالہ خاتون کو سزائے موت سنا دی

جنوری 19, 2022

فیس بک پر توہین مذہب، عدالت نے 26 سالہ خاتون کو سزائے موت سنا دی

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی کی ایک عدالت نے توہین مذہب کا الزام ثابت ہونے پر ایک 26 سالہ خاتون انیقہ عتیق کو موت کی سزا سنائی ہے۔

ملزمہ کے خلاف 2020 میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس لگانے کے الزام پر پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

بدھ کو راولپنڈی کی انسداد سائبر کرائم عدالت کے سیشن جج  عدنان مشتاق نے ملزمہ کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 سی کے تحت سزائے موت سنائی اور 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا۔

سزائے موت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ اور اس کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ ملزمہ کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 اے کے تحت دس سال قید کی مزید سزا اور 50 ہزار روپے کے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

ملزمہ کو پاکستان کے سائبر کرائم قانون کی دفعہ 11 کے تحت بھی سات سال کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ استغاثہ نے تکنیکی اور فرانزک ثبوتوں کی روشنی میں کامیابی سے ثابت کر دیا ہے کہ ملزمہ کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ہے اور وہی مواد مدعی کو بھی بھیجا۔

ملزمہ نے الزامات کی صحت سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس طرح کے جرم کے ارتکاب کا تصور بھی نہیں کر سکتیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے