غیر ملکی فنڈنگ کیس ، پی ڈی ایم کا تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے برسراقتدار جماعت تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے.
منگل کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے اور عمران خان کو نااہل اور ان کی پارٹی کو کالعدم قرار دے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد نے لانگ مارچ سے قبل حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطہ کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے حکومتی اتحادیوں سے رابطے کی تجویز پیش کی جس کی سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم ای وی ایم مشینوں کو پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔ دنیا میں اس کا تجربہ ناکام ہوا اور یہاں اسے ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ ہم ایسے الیکشن کو تسلیم نہیں کریں گے۔ یہ آر ٹی ایس کا دوسرا نام ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’لوگ ملک کے کونے کونے سے 23 مارچ کو اسلام آباد کا رخ کریں گے اور موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کے خاتمے کےلیے آخری کیل ثابت ہوں گے۔‘