پاکستان آنے والی کیبل پھر کٹ گئی، انٹرنیٹ کی رفتار کم
Reading Time: < 1 minuteبین الاقوامی سمندر میں انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کو سروسز میں مشکل کا سامنا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ پیر کی شام چھ بجے زیر سمندر کیبل سسٹم میں خرابی کی شکایت سامنے آئی اور معلوم ہوا کہ ایک کیبل کٹ گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کی وجہ سے بین الاقوامی بینڈوتھ کی بندش کے ساتھ صارفین کو انٹرنیٹ سروسز میں سست روی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
سمندر میں کیبل کٹنے کا درست مقام تلاش کرنے اور انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ صارفین کو بلاتعطل انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے لیے متبادل انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی نیا ٹیل نے صارفین کو پیر کی شام کو انٹرنیٹ میں سست روی کے باعث پیغامات کے ذریعے مطلع کیا تھا۔
گزشتہ ماہ بھی زیرسمندر انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو سپیڈ میں کمی کے مسئلے کا سامنا ہے۔
بین الاقوامی سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو 4 میں خرابی بحرہند میں ایک مقام پر رپورٹ کی گئی تھی۔