چین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 132 مسافر سوار تھے
Reading Time: 2 minutesچین کا ایک مسافر طیارہ جس میں 132 افراد سوار تھے، ملک کے جنوب مغربی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق چین کے سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی نے پیر کو صوبائی ایمرجنسی مینجمنٹ بیورو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’چین کا ایسٹرن ایئرلائنز کا بوئنگ 737 طیارہ ووژو شہر کے قریب گوانگسی علاقے میں گر کر تباہ ہوا جس سے پہاڑوں میں آگ لگ گئی تاہم ابھی تک ہلاکتوں کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی۔‘
چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) کے مطابق طیارہ جس میں 132 افراد سوار تھے، پیر کو جنوبی چین کے شہر کنمنگ سے گوانگزو کے لیے پرواز کے دوران پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔
فلائٹ ریڈار24 کے مطابق چھ سال پرانے 737-800 طیارے کے حادثے کی وجہ کے بارے میں کچھ واضح نہیں ہو سکا۔
سی اے اے سی نے کہا ہے کہ طیارے کا ووژو شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے میں 123 مسافر اور عملے کے نو افراد سوار تھے۔
یہ پرواز جنوب مغربی شہر کنمنگ سے دوپہر ایک بجکر 11 منٹ پر روانہ ہوئی، فلائٹ ٹریکنگ دوپہر دو بجکر 22 منٹ پر ختم ہوئی۔
اس طیارے نے 3 بجکر 5 منٹ پر جنوبی ساحل پر واقع گوانگزو میں لینڈ کرنا تھا۔
چین کی ایئر لائن انڈسٹری کا حفاظتی ریکارڈ پچھلی دہائی کے دوران دنیا میں بہترین رہا ہے۔
ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کے مطابق چین کا آخری خطرناک جیٹ حادثہ 2010 میں ہوا تھا جب ہینان ایئر لائنز کا ایک ایمبریئر ای-190 علاقائی جیٹ کم مرئی میں یچون ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ اس حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار 96 میں سے 44 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔