متفرق خبریں

عمران خان کی ہیلی کاپٹر سواری پر سرکاری خزانے سے 98 کروڑ خرچ

اپریل 21, 2022

عمران خان کی ہیلی کاپٹر سواری پر سرکاری خزانے سے 98 کروڑ خرچ

پاکستان میں سرکاری دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر قومی خزانے سے 98 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

دستاویز کے مطابق گذشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تقریباً 98 کروڑ 35 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق اگست 2018 میں وزیراعظم عمران خان کے عہدہ سنبھالنے سے مارچ 2022 تک ان کے ہیلی کاپٹر کے ایندھن اور مرمت وغیرہ کی مد میں تقریباً ایک ارب روپے کے قریب رقم خرچ ہوئی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اکثر اوقات پانچ کلومیٹر سفر کے لیے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرتے تھے۔

اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ سے وزیراعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر کے استعمال پر ان کے دور حکومت میں بھی تنقید ہوتی رہی تھی۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک بار کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے فی کلومیٹر سفر پر 55 روپے خرچ آتا ہے۔

اس بات پر سوشل میڈیا صارفین نے لاکھوں میمز بنائے تاہم فواد چوہدری تاحال اپنی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں البتہ سرکاری دستاویزات نے ان کے دعوے کو جھوٹ ثابت کیا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ کہتے تھے کہ سائیکل پر دفتر جائیں گے مگر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر پر جاتے رہے جس پر قوم کے 98 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے