گرم موسم کی شدت کو کن پھلوں اور خوراک سے کم کیا جا سکتا ہے؟
Reading Time: 2 minutesستارہ خان
ماحول میں تبدیلی اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ جہاں انسان کے روزمرہ امور میں ترمیم کا باعث بنتا ہے وہیں سورج کا چڑھتا پارہ انسان کی اندرونی صحت پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔
گرمی نے جہاں پورے ملک کو لپیٹ میں لیا ہے جس کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ تھکن اور پیاس کا شکار نظر آتے ہیں. اس موسم میں جسم سے پانی کا خشک ہو جانا اور اس امر کو نظر انداز کر نا ہمیں بہت سی مشکلات سے دو چار کرتا ہے۔
درجہ حرارت کے بڑھتے ہی اپنی خوراک کو متوازن اور درست کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ درست کھانا اور طرزِ زندگی میں مسلسل تبدیلی، ہمارے جسم میں گرمی کی شدت کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ یہاں کچھ ٹھنڈی تاثیر والی غذاؤں کا ذکر کرنے میں پہلا نمبر تربوز کا آتا ہے۔
تربوز: گرمیوں کا پھل ہے، طبی ماہرین کے مطابق اس کی ٹھنڈی تاثیر اور اس میں موجود معدنی اجزاء جسم میں تھکاوٹ کے احساس کو کم کرتے ہیں اور انسان تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پھل قوت مدافعت بڑھانے میں بھی معاون ہے۔
کھیرا: گرمیوں میں کھیرے کا استعمال آپ کو قبض اور معدے کی تزابیت سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق کھیرے میں وافر مقدار میں فائبر اور میگنیشیئم پایا جاتا ہے یہ دونوں اجزاء بلند فشار خون یعنی ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتے ہیں۔ کھیرا ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہترین غذا ہے۔
دہی کا استعمال: دہی جہاں کھانے میں ذائقہ بڑھانے میں مفید ہے وہی انسانی جسم کو ٹھنڈک دینے کا کام بھی کرتا ہے۔ دھی دودھ کی بنسبت جلدی ہضم ہو جاتا ہے اور بدہظمی سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گھر کی بنی ہوئی دھی کے اھم فوائد میں مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور معدے کے افعال کو منظم کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔
ناریل کا پانی: گرمیوں کے موسم میں ناریل کا پانی اھم غذائی اجزاء سے بھرپور ریفرشر ہے۔ یہ مشروب جسم میں نمی کے لیے ایک بہترین ذریعے کے طور پر جانا جاتا ہے اور معدے کے لیے ہلکا ہوتا ہے۔
پودینہ: گرمی کی شدت میں کمی لانے کے لیے پودینہ ایک سادی اور سستی جڑی بوٹی ہے۔ اس کے علاوہ پودینے ک خوشبودار چٹنی دوپہر کے کھانے میں استعمال کی جاسکتی ہے
تازہ پھلوں کا استعمال: دیر پا تازگی اور گرمی کی شدت کم کرنے میں تازہ پھلوں کا رس ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس سے ایک تو آپکا جسم ٹھنڈا رہے گا اور اس کے ساتھ تازہ پھلوں کے استعمال سے جسم کو قوت اور توانائی بھی میسر ہو گی۔