پاکستان

گجرات کے ایک چوہدری کا نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان

جون 25, 2022

گجرات کے ایک چوہدری کا نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان

سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے پاکستان میں اقتدار پر قابض ہونے کے بعد پنجاب کے ضلع گجرات سے ملکی سیاست کے مرکز میں جگہ پانے والے چوہدری برادران کے آپس میں اختلافات اب کھل کر آ گئے ہیں۔

نواز لیگ کے اندر سے مسلم لیگ ق ہیدا کرنے والے چودھری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

جمعے کو گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری وجاہت حسین نے الزام لگایا کہ ’طارق بشیر چیمہ کی وجہ سے ان کے خاندان میں تقسیم پیدا ہوئی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے گذشتہ پانچ ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنے کی بہت کوشش کی تاہم چودھری شجاعت حسین اپنی اولاد کے ہاتھوں مجبور ہیں جس نے انہیں یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ انہیں خراب کر رہی ہے۔‘

چودھری وجاہت حسین نے اعلان کیا کہ ’ہم نئی جماعت بنائیں گے، الیکشن کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار میاں عمران مسعود ہی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’چودھری شجاعت حسین نے انہیں کہا کہ عوام کو یہ پیغام دیا جائے کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے اور ایک ہیں۔ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو کسی کی نظر لگ گئی ہے۔‘

’آصف زرداری جتنے پیسے بانٹتے پھرتے ہیں اتنے پیسے تو شجاعت حسین خیرات میں دے دیا کرتے ہیں، ہمارے لیے یہ افسوس کی بات ہے کہ چودھری شجاعت کا بیٹا آصف علی زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے۔چودھری سالک کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے