پاکستان

عمران خان کا ملک کے بڑے شہروں میں پھر جلسوں کا اعلان

جون 25, 2022

عمران خان کا ملک کے بڑے شہروں میں پھر جلسوں کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دو جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے کا اعلان کردیا۔

انہوں نےتمام بڑے شہروں کے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں ہفتے کی رات کو جلسوں کا اہتمام کریں۔

ہفتے کوبنی گالہ میں نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ میں پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسے سے خطاب کروں گا جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد سے لوگ جمع ہوں گے جبکہ آپ اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے جلسوں میں بھرپور شرکت کریں۔

موجودہ حکومت کی جانب سے ’سپر ٹیکس‘ عائد کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس ٹیکس سے مزید مہنگائی ہوگی اور متعدد صنعتیں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں اور کئی صنعتوں نے ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔

ان کہنا تھا سپرٹیکس سے کارپوریٹ ٹیکس 40 فیصد ہوجائے گا جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں یہ ٹیکس 25 فیصد ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے میں حکومت رکے گی نہیں کیونکہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر 50 روپے فی لیٹر قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عام آدمی کا معاشی قتل کردیا ہے اور اس پر سپر ٹیکس سے چیزیں بنانے کا خرچہ اور انڈسٹری پر بوجھ بڑھے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مشکل کا شکار تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھادیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس سے تنخواہ دار طبقہ ویسے ہی پریشان ہے اور اب زراعت کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے ایک لاکھ تنخواہ دار کو ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب انہوں نے 50 ہزار روپے تنخواہ دار پربھی ٹیکس لگادیا ہے۔

سابق وزیرا عظم نے کہا کہ ہم موجودہ لوگوں پر ٹیکس نہیں ڈالنا چاہتے تھے لیکن ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتے تھے اور اس کے لیے اپریل سے ہم نے لوگوں کوٹیکس نیٹ میں لانے کا پروگرام بنایا تھا، ٹیکس نیٹ میں ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا۔

عمران خان نے کہا کہ نہ ان کے ذہن میں مہنگائی تھی نہ معیشت کو ٹھیک کرنا تھا کیونکہ ان کے ذہن میں صرف یہ تھا کہ کیسے این آر او 2 لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کو چیلنج کرنے کے لیے سپریم کورٹ گئے ہیں، عدالت کا احترام ہے کہ وہ پاکستان پر اس قسم کا ظلم نہیں ہونے دے گی، نیب قانون میں ترامیم کو قبول کرلیا گیا تو پاکستان کو دشمن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

چیرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی چوری بچانے کے لیے احتساب کے نظام کی قبر کھود دی، نیب قانون میں ترامیم کرکے پاکستان کے مستقبل کو تاریک کردیا ہے۔

عمران خان نے کہا عدلیہ پر اعتماد ہے کہ وہ یہ ظلم نہیں ہونے دے گی،یہ جو کچھ کرنے جا رہے ہیں وہ ملکی تباہی کا باعث ہو گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے