’آڈیو غیر ضروری، اصل بات فون ٹیپنگ ہے‘، سپریم کورٹ نوٹس لے
تحریک انصاف نے فون ٹیپ کیے جانے کا سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے.
پیر کو پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو کال کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود فون ٹیپنگ ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشری بی بی پر فون ٹیپنگ کے حوالے سے الزامات لگ رہے ہیں۔ ’آڈیو میں جو بھی ہے وہ غیر ضروری ہے، اصل بات فون ٹیپنگ ہے۔‘
شیریں مزاری نے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے بے نظیر کی حکومت فون ٹیپنگ پر ختم کر دی تھی، فون ٹیپنگ کی غیر قانونی حرکتیں کیوں ہو رہی ہیں؟‘
ان کا کہنا تھا ’نیوٹرلز اور حکومت کو عمران خان کی کرپشن سے متعلق کچھ نہیں مل رہا۔ عمران خان کے خلاف سازش واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سوچنا چاہیے امریکہ نے فون ٹیپنگ میں کتنی مدد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز حکومت میں مداخلت کرتی ہیں۔ کیا مریم نواز کو آفیشل سیکرٹ دکھائے جا رہے ہیں؟‘

