آئی ایم ایف پروگرام ملتوی ہونے کی خبروں میں حقیقت نہیں: مفتاح اسماعیل
پاکستان کےوفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن قانون پر آئی ایم ایف پروگرام ملتوی ہونے کی خبروں میں حقیقت نہیں۔
پیر کو وزیر خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں اینٹی کرپشن قانون کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام کے ملتوی یا اس میں تاخیر کی ٹویٹس اور خبروں سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام ٹریک پر ہے۔‘
اس سے قبل سنیچر کو پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر کے لیے تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔
رانا ثنااللہ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایک یا ڈیڑھ ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاتھا کہ ’ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی کہ ہم تیل کی قیمتیں نہ بڑھائیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’ملک کو اگر اگلے تین مہینوں میں نگران حکومت کے حوالے کر دیں تو جو ملک کی معاشی صورتحال ہے، معاشی ماہرین کہہ رہے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔‘

