سیٹھی کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئرمین
Reading Time: < 1 minuteصحافی و اینکر نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئرمین ہوگئے ۔ انھوں نے سبکدوش ہونے والے شہریارخان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا ہے ۔
نجم سیٹھی کو گذشتہ ماہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے عارف اعجاز کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ میں اپنے دو نمائندوں کے طور پر مقرر کیا تھا۔ نجم سیٹھی اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں ۔
نجم سیٹھی کے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد عارف اعجاز بورڈ آف گورنرز کے رکن بن گئے ہیں۔ یہ جگہ شہریار خان کے جانے سے خالی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت 10 رکنی بورڈ آف گورنرز میں ریجن اور اداروں کے چار چار اراکین شامل ہوتے ہیں جبکہ دو کا تقرر وزیراعظم کی جانب سے ہوتا ہے۔
گذشتہ تین سال کے دوران نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی طاقتور ترین شخصیت کے طور پر سامنے آئے اور کرکٹ بورڈ کے ہر اہم فیصلے میں ان کی مرضی شامل رہی۔