ارکان پارلیمنٹ،بیوروکریسی کے اثاثہ جات کی تفصیلات تک عوامی رسائی کا فیصلہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں ارکان پارلیمنٹ اور بیوروکریسی کے اثاثوں کی تفصیلات تک عوام کو رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ارکان پارلیمنٹ اور بیوروکریسی کے اثاثوں کی تفصیلات پبلک کرنے کے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ایل او آئی کے تحت بیورو کریسی کے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔ شفافیت اوراحتساب کے لئے الیکٹرونک ایسٹ ڈیکلریشن سسٹم قائم کیا جائے گا۔ بیوروکریسی کے بیرون ملک منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیلات بھی عوام کے لئے جاری کی جائیں گی۔
گریڈ 17 سے گریڈ 22 کے ملازمین کے بیوی اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بھی بتائی جائیں گی۔ ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی ڈیکلریشن تک شہریوں کی رسائی ممکن ہوگی۔
بیرون ملک خفیہ اثاثہ جات رکھنے والے بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی ہوگی۔